لاہور: (دنیا نیوز) دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا امتحان کل سے شروع ہو گا، اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میچ کے لئے ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔
قومی ٹیم انگلینڈ میں پہلے ووسٹر شائر اور پھر ڈربی میں پریکٹس کے بعد مانچسٹر میں ٹریننگ میں حریف ٹیم کے خلاف سخت محنت کی، تین میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق کل تین بجے شروع ہو گا۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان آج کپتان اظہر علی کریں گے۔ 16 رکنی اسکواڈ میں اظہر علی، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق اور فواد عالم شامل ہیں۔ امام الحق، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان اور نسیم شاہ کے علاوہ سہیل خان، یاسر شاہ، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود بھی سکواڈ کا حصہ ہونگے۔
گزشتہ روز مانچسٹر میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کوچ مصباح الحق نے کہا تھا کہ موسم یا پچ سے ضمانت نہیں دے سکتے کہ جیتیں گے، اچھی کرکٹ کھیل کر ہی جیت کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انگلینڈ کی بولنگ اچھی ہے تاہم بیٹنگ مشکلات سے دوچار ہے، ہمارے جتنے بھی بیٹسمین ہیں ان کو 100 فیصد پرفارمنس دینی ہو گی۔