پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ کا لاہور قلندرز کو 144 رنز کا ہدف

Published On 09 June,2021 08:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 144 رنز کا ہدف دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 6 کے تعطل کے بعد شروع ہونے والے میچز میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کا بیٹنگ کرنا ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، کوئی بھی بیٹسمین بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ قلندرز کی جانب سے بولنگ کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا اور وہ پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے کے انتہائی قریب تھے لیکن حارث رؤف نے عثمان خواجہ کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔

تاہم اپنے پہلے ہی اوور میں جیمز فالکنر نے پہلے منرو کو، پھر اگلے اوور میں روحیل نذیر کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فالکنر کا تیسرا شکار شاداب بنے جو اب ایک عرصے سے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا پا رہے۔ اوپنر عثمان خواجہ کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی اور ان کیچ جیمز فالکنر نے تھرڈ مین پر کیا۔

دیگر بیٹسمینوں میں افتخار احمد12، حسین طلعت 14، آصف علی 7، حسن علی 14، فہیم اشرف 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 143 رنز بنائے۔ پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر جیمز فالکنز نے 3 شکار کیے، احمد دانیال اور حارث رؤف نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز سکواڈ:

سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، شاہین شاہ آفریدی، راشد خان، احمد دانیال اور حارث رؤف

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ:

شاداب خان(کپتان)، کولن منرو، عثمان خواجہ، افتخار احمد، حسین طلعت، روحیل نذیر، آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، محمد وسیم اور فواد احمد

 

Advertisement