لاہور: (دنیا نیوز) سابق کپتان یونس خان کی پی سی بی میں ایک اور انٹری کی تیاری، یونس خان قومی ٹیم کیلئے بیٹنگ کوچ کی خدمات دے چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں تقرریوں کا سلسلہ جاری، ذرائع کے مطابق سابق کپتان یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے،سابق کپتان اس سے قبل بیٹنگ کوچ کی خدمات دے چکے ہیں، یونس خان کی کپتانی میں پاکستان نے 2009 کا ٹی 20 ورلڈکپ جیتا تھا۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹرعاقب جاوید کو بھی پی سی بی میں ذمہ داریاں دینے کی خبریں زیر گردش ہیں، اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ان کی ملاقات بھی ہوئی جس کے دوران عاقب جاوید نے رمیز راجہ کو گراس روٹ لیول پر کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹیلنٹ ہنٹ کو مضبوطی عطا کرنے کیلئے اکیڈمیز کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں شخصیات کے مابین مستقبل کیلئے مزید منصوبہ بندی پر بھی بات چیت ہوئی۔