لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا، آرام کے روز ثقلین مشتاق کی طرف سے ملنے والا ٹارگٹ کپتان بابر اعظم پورا نہ کر سکے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا آمنا سامنا شام چھ بجے ہو گا۔ قومی شاہینوں کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، ایک اور اونچی اڑان پر نظریں جمائے تین سال بعد دوبارہ وائٹ واش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
شہر قائد میں آرام کے دن ’’اولڈ از گولڈ‘‘ کی مثال سچ ثابت ہوئی، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کپتان بابر اعظم کو ایک اوور میں 12 رنز کرنے کا چیلنج دے دیا جو پورا نہ ہو سکا، دلچسپ مکالمے اور مقابلے سے سب بے حد محظوظ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم نے وِننگ کمبی نیشن میں تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا، نوجوان کھلاڑیوں کو نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔