کراچی: (دنیا نیوز) ونڈیز سکواڈ کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے، تیسرا ٹی ٹونٹی میچ شیڈول کے مطابق ہو گا۔ پی سی بی کی ہدایت پر براڈ کاسٹرز کراچی نیشنل سٹیڈیم پہنچ گئے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج شام 6 بجے کھیلا جائے گا، قومی شاہینوں کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، ایک اور اونچی اڑان پر نظریں جمائے تین سال بعد دوبارہ وائٹ واش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
قبل ازیں آج صبح ویسٹ انڈیز ٹیم کے 3 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس کے سبب میچ ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ ویسٹ انڈیز بورڈ کے مطابق ان متاثرہ 3 کھلاڑیوں میں شائی ہوپ، سپنر اکیل ہوسین اور آل راؤنڈر جسٹن گریوز شامل تھے جبکہ 2 آفیشلز اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹ اور ٹیم فزیشن ڈاکٹر اکشائی بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔