لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز کو آسٹریلیا کی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مایہ ناز بلے باز ایرون فنچ نے گزشتہ ماہ ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم وہ آسٹریلیا کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان کے طور پر برقرار ہیں گے، فنچ کی جگہ 29 سالہ پیٹ کمنز ٹیم کے نئے کپتان کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پیٹ کمنز مردوں کی ون ڈے ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے آسٹریلیا کے 27 ویں ایک روزہ بین الاقوامی کپتان ہوں گے، کمنز پہلے ہی آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز کے پاس پہلے ہی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کرنے کا تجربہ بھی ہے، آئندہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ایک سال باقی ہے۔
— Cricket Australia (@CricketAus) October 17, 2022
فاسٹ باؤلر پیٹ نے کہا کہ میں نے ایرون فنچ کی قیادت میں کھیلنے کا خوب لطف اٹھایا ہے اور ان کی قیادت سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئر آف سلیکٹرز جارج بیلی نے کہا ہے کہ پیٹ کمنز ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے کے بعد بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں باخوبی نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ بھارت میں آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک روزہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فوراً بعد 17 نومبر سے انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے اور اس کے بعد جنوری میں جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں حصہ لینا ہے۔