لاہور ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے حوصلے بلند ہیں، مجھے اچھی پرفارمنس کی اُمید ہے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قومی بیٹر فخر زمان کا کہنا تھا کہ انجری کے بعد کم بیک مشکل ہوتا ہے تاہم ایک بار پھر پاکستان کی جانب سے ایکشن کے لیے تیار ہوں۔
فخر زمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کا اچھا کمبی نیشن ہے ، سیریز سے پہلے پاکستان کپ کھیل کر ردھم بحال کیا ہے، میچ فٹنس واپس آچکی ہے، کافی اچھا محسوس کر رہا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ انجری کی وجہ سے میچز ضائع ہونے کا دکھ ہوتا ہے مگر یہ اپنے ہاتھ میں نہیں، ورلڈکپ میں وقت سے قبل کھیلا، مکمل ری ہیب میں وقت تھا، پاکستان کے لیے ہر میچ کھیلنا ہمارے لیے اہم ہوتا ہے، ہم نیوزی لینڈ سے 3 میچز کی سیریز بھی جیتیں گے۔