پوچیفسٹروم: (دنیا نیوز) پاکستان نے آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے روانڈا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سینویس پارک پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں روانڈا انڈر 19 ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، کپتان جیزیل اشموے 40 اور سنتھیا ٹوئیزر 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، پاکستان کی طرف سے اریشہ نور نے دو جبکہ زیب النساء ، انوشہ ناصر اور عروب شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ایمان فاطمہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، عروب شاہ 20 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں، ایمان فاطمہ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 17 جنوری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔