حیدر آباد : ( ویب ڈیسک ) بھارتی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں 12 رنز سے شکست دے دی، بھارتی اوپنر شبمن گِل نے 149 گیندوں پر 9 چھکے اور 19 چوکوں کی مدد سے 208 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
بدھ کو حیدر آباد میں کھیلئے گئے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے، اوپنر شبمن گِل نے 149 گیندوں پر 208 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
بھارتی ٹیم کے دیگر بیٹرز میں کپتان روہت شرما 34 ، سوریا کمار یادیو 31 اور ہاردک پانڈیا 28 رنز کی اننگ کھیل نمایاں رہے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری اور ڈیرل مچل نے دو ، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں 350 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز ٹیم آخری اوور میں 337 رنز پر پوری آؤٹ ہو گئی، مچل بریسل کی 140 رنز کی اننگ رائیگاں گئی۔
میچ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے بھارتی اوپنر شبمن گل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔