ایشز سیریز : ہم بہت اعتماد کے ساتھ لارڈز جائیں گے : میک کولم

Published On 22 June,2023 04:27 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلش کرکٹ ٹیم کے کوچ برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد انگلش ٹیم مشکل سے گزرے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد اپنے انٹرویو میں انگلش کوچ کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ہم نے کھیلا اس سے ہمارے کھیل کے انداز کی توثیق ہوئی، اگر تھوڑی سی خوش قسمتی ہوتی تو شاید ہم اس کے دوسری طرف ہوتے۔

انگلینڈ کی نظر اگلے بدھ سے لارڈز میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں سیریز برابر کرنے پر ہوگی۔

میک کولم نے کہا کہ لڑکوں کو ان کوششوں پر فخر ہے جو انہوں نے کیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم بہت اعتماد کے ساتھ لارڈز جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں، ہم ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں جہاں ہمیں لگتا ہے کہ ہم مخالف ٹیموں کو دباؤ میں ڈال سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انگلش بیٹر معین علی کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور ان کے فٹ ہونے کی صورت میں انہیں لارڈز ٹیسٹ کے لئے منتخب کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں ایک ،صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔