ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کیلئے وزیر اعظم سے بات کروں گا: گورنر سندھ

Published On 12 January,2024 02:23 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ پریمیئر لیگ کی فرنچائز کے سربراہوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سندھ پریمیئر لیگ کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس طرح کے ایونٹس ٹیلنٹ ابھارنے میں اہم ثابت ہوتے ہیں، ایس پی ایل کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو بحال کرنے کیلئے وزیر اعظم سے بات کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عارف ملک اور اسلم ملک کھیلوں کیلئے مثبت سوچ رکھتے ہیں، سندھ میں کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے عارف ملک ضرور کام کریں گے، روڈ شوز میں لوگوں کو بتایا کہ اس لیگ میں نوجوان کرکٹرز کھیلیں گے، جاوید میانداد، معین خان اورعبدالرزاق جیسے لیجنڈز پاکستان میں پیدا ہوئے۔

لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ یہ لیگ خوب ترقی کرے، گورنر سندھ بھی بہت کوششیں کر رہے ہیں کہ یہ لیگ کامیاب ہو، لیگ کے تمام فرنچائز مالکان کو بھی مبارک باد دیتا ہوں، لیگ کی کامیابی کیلئے ہر وقت حاضر ہوں۔

سابق کرکٹر معین خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت خوشی ہو رہی ہے کہ سندھ میں کرکٹ فروغ ہو رہی ہے، سندھ پریمیئر لیگ کے انعقاد سے چھوٹے کرکٹرز کو نوکری ملے گی، سندھ کے ہر ریجن میں کرکٹ اکیڈمی کا انعقاد اچھا فیصلہ ہے، جہاں ہم کپتان کا نام لیتے ہیں وہیں جاوید میانداد بھی ورلڈکپ کے ہیرو تھے۔