دورہ بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز

Published On 09 July,2025 08:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) دورہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان کرکٹ سکواڈ کے تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگیا۔

نیشنل بینک سٹیڈیم میں بدھ کی شام شروع ہونے والے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ کی، کیمپ کے آغاز سے پہلے کھلاڑیوں کی میٹنگ ہوئی جبکہ کیمپ کی ابتدا کھلاڑیوں کی جسمانی ورزشوں سے ہوئی۔فزیکل ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔

بعد ازاں نیٹ سیشن میں بولنگ اور بیٹنگ کے شعبوں میں صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کاوشیں کی گئیں۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کیمپ کمانڈنٹ کی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔ فیلڈنگ کوچ شین میکر موٹ اورگرانٹ لوڈہن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ہیں۔ 15 جولائی تک جاری رہنے والے کیمپ میں دورہ بنگلا دیشں کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ پانچ وائٹ بال کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

قومی اسکواڈ میں سلمان علی آغا ( کپتان)،ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز،حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز ،صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

کیمپ میں 5 وائٹ بال کرکٹرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ان میں بابر اعظم، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اورشاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

کیمپ کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے روز 16جولائی کو ڈھاکا پہنچے گی، دورہ بنگلا دیش میں قومی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی، میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔

دورہ بنگلا دیش کے بعد پاکستان ٹیم امریکا کیلئے روانہ ہوگی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچز پرمشتمل ٹی 20 سیریز فلوریڈا میں یکم تا 4 اگست کھیلی جائےگی، دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے سیریز 8 سے 12 اگست تک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں طے ہے۔