لارڈز ٹیسٹ: بھارت نے دوسرے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لئے

Published On 12 July,2025 01:12 am

لارڈز: (دنیا نیوز) لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں تیسرے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہیں۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لیے، کے ایل راہول 53 اور ریشبھ پنت 19 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 387 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ 104، برائیڈن کارس 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیمی سمتھ نے 51 رنز کی اننگز کھیلی، بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 242 رنز درکار ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن 161 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر کئی ریکارڈز توڑ دیئے تھے۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شبمن گل نے دونوں اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برائن لارا، ٹنڈولکر، سنگاکارا، کوہلی اور گواسکر جیسے بلے بازوں کے متعدد ریکارڈ پاش پاش کر ڈالے تھے۔

شبمن گل نے پہلی اننگز میں 269 رنز بنائے تھے اور ٹیسٹ میچ میں کسی بھی بھارتی کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا، اس سے قبل کوہلی نے 2019ء میں جنوبی افریقا کے خلاف 254 رنز بنائے تھے۔