دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹرز کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹر کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجہ ترقی کے بعد ایک بار پھر نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کےکین ولیمسن دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، انگلینڈ کے ہیری بروک دو درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جب کہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
بھارت کے شبمن گل تین درجہ تنزلی کے بعد 9 ویں نمبر پر چلےگئے ہیں، ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں پاکستان کا کوئی بیٹر شامل نہیں، سعود شکیل ایک درجہ ترقی کے بعد 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آسٹریلیا کے کیمرون گرین 16 درجے ترقی کے بعد 30 ویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ بھارت کے رویندرا جدیجا 5 درجہ ترقی کے بعد 34 ویں نمبر پر اور کے ایل راہول 5 درجہ ترقی کے بعد 35 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ بولرز میں بھارت کے جسپریت بمراہ کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ 6 درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں، پاکستان کے نعمان علی پانچویں نمبر پر موجود ہیں، ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف 15 درجے ترقی کے بعد 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے چار بولرز پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون ٹاپ ٹین میں موجود ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرارہے، بھارت کے یشسوی جیسوال ایک درجہ بہتری کے بعد 10 ویں نمبر پر آگئے ہیں، جنوبی افریقا کے ریزا ہینڈرکس دو درجے تنزلی کے بعد 11 ویں نمبر پر چلےگئے ہیں، بابر اعظم اور محمد رضوان بالترتیب 12 ویں اور 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا ایک درجہ بہتری کے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔