آندرے رسل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Published On 17 July,2025 05:04 am

جمیکا: (دنیا نیوز) ویسٹ انڈیز کے ٓل راؤنڈر آندرے رسل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

آندرے رسل رواں ماہ ویسٹ انڈیز میں آسٹریلیا کے خلاف 5 میچز کی ٹی 20 سیریز کے دوران 2 میچز کھیلنے کے بعد ریٹائر ہوں گے، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز 20 سے 28 جولائی تک کھیلی جائے گی، آندرے رسل اپنے ہوم گراؤنڈ جمیکا کے سبینا پارک میں 22 جولائی کو اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔

37 سالہ آندرے رسل 2019 سے صرف ٹی 20 فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے کھیل رہے ہیں اور اب تک 84 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، ان کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا یہ فیصلہ فروری 2026 میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ سے سات ماہ قبل سامنے آیا ہے۔

آندرے رسل کا کہنا تھا کہ ان کے لئے یہ کیا معنی رکھتا ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے، ویسٹ انڈیز کی نمائندگی ان کی زندگی کی سب سے فخریہ چیز رہی ہے، جب وہ چھوٹے تھے تو ان کو اس سطح تک کھیلنے کی توقع نہیں تھی لیکن جتنا زیادہ آپ کھیلنا شروع کرتے ہیں اور کھیل سے محبت کرتے ہیں آپ کو احساس ہوتا ہے کہ آپ کیا حاصل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ انہوں نے 56 ایک روزہ میچز اور ایک ٹیسٹ میں بھی ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے آندرے رسل کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 15 سال تک آپ ویسٹ انڈیز کی شان کے لئے دل سے اور جذبے سے کھیلے، آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔