انگلش آل راؤنڈر کرس ووکس نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

Published On 29 September,2025 06:02 pm

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر کرس ووکس نے تقریباً 14 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

ووکس نے انگلینڈ کی جانب سے 62 ٹیسٹ، 122 ون ڈے اور 33 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں نمائندگی کی، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 396 وکٹیں حاصل کیں اور ہزاروں رنز بھی اسکور کیے۔

ان کی بہترین ٹیسٹ بولنگ پرفارمنس 6/17 رہی جبکہ 2019 کے ورلڈ کپ اور 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیموں کا بھی وہ اہم حصہ رہے۔

کندھے کی انجری اور حالیہ سینٹرل کنٹریکٹ کی عدم تجدید کے بعد ووکس نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے انگلینڈ کی نمائندگی کو “زندگی کا سب سے بڑا اعزاز” قرار دیا۔ انگلش کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور شائقین کی جانب سے ان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

امکان ہے کہ ووکس مستقبل میں کاؤنٹی کرکٹ یا مختلف ٹی20 لیگز میں کھیل جاری رکھیں گے لیکن بین الاقوامی میدان اب ان کے بغیر ہوگا۔