اندور: (دنیا نیوز) ویمنز ورلڈ کپ کے 7ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقا ویمنز نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 232 رنز کا ہدف باآسانی 40.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تیزمین برٹز نے 101 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کپتان لورا وولوارڈٹ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، سن لوس نے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ماریزان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔
نیوزی لینڈ ویمنز کی جانب سے امیلیا کیر نے دو اور لی، جیسکر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں اندور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 231 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دیا تھا، بروک ہیلی ڈے 45 اور کپتان صوفی ڈیوائن 85 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے نانکولولکو ملبہ نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی اس سے قبل پہلے میچ میں پاکستان ویمنز کو بنگلادیش کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔