کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا نے رواں سال ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ ( ایل پی ایل) ملتوی کر دی۔
سری لنکا کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد نہیں ہوگا۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق فیصلہ ورلڈکپ کی تیاریوں پر مکمل توجہ دینے کے لیے کیا گیا ہے، ایل پی ایل 2025 کسی اور مناسب ونڈو میں کرائی جائے گی، ایل پی ایل 2025 کا انعقاد ابتدائی طور پر یکم دسمبر سے 23 دسمبر تک ہونا طے پایا تھا۔
آئی سی سی گائیڈ لائنز کے مطابق ورلڈکپ کے لیے تمام وینیوز زبردست حالت میں ہونے لازمی ہوتے ہیں، لیگ ملتوی کرنے کے فیصلے سے گراؤنڈز انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے مدد ملے گی تاکہ میگا ایونٹ کا کامیاب انعقاد کیا جا سکے۔
شائقین کے لیے سٹینڈز کو جدید سہولیات سے آراستہ اور کھلاڑیوں کے ڈریسنگ رومز اور ٹریننگ ایریاز کو بہتر کیا جائے گا۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق اس وقت 3 وینیوز پر تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے، کولمبو سٹیڈیم میں ویمنز ورلڈکپ کے میچز کی وجہ سے ترقیاتی کام روکا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آئندہ برس فروری مارچ میں ٹی 20 ورلڈکپ مشترکہ طور پر بھارت اور سری لنکا میں ہونا ہے۔