کراچی :دو اغوا کار مقابلے میں ہلاک ، بچہ بازیاب

Last Updated On 24 April,2018 02:37 pm

کراچی (دنیا نیوز ) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں بچے کو اغوا کرنے والے دو ملزمان مارے گئے، بچے کو بازیاب کرا لیا گیا، بچے کو صبح اغوا کیا گیا تھا۔

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں 26 سٹریٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا۔ ایس ایس پی سائوتھ سرفراز نواز کے مطابق پولیس نے کالے شیشوں والی گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے آگے جاکر ایک بچے کو گاڑی سے اتارا۔ پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا اور جوابی فائرنگ کی تو دونوں ملزمان زخمی ہو گئے۔

جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ایس ایس پی سرفراز نواز کے مطابق بازیاب بچے کو آج صبح اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔