امیشا کو اس کی منگنی سے اٹھایا گیا، شادی سے قبل لڑکی کو زمیندار کے حوالے کیا جاتا ہے‘ لڑکی کی کم عمری میں شادی کرائی جارہی تھی، رکوانے کی کوشش کی:زمیندار
عمرکوٹ: (روزنامہ دنیا) عمرکوٹ ویمن پولیس پر بارہ سالہ لڑکی کو زمیندار کے حوالے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ لڑکی کے ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے حکام بالا سے صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
پانچ دن قبل نواحی گاؤں ہاشم پلی میں ویمن پولیس عمر کوٹ نے شادی کی تقریب پر چھاپہ مار کر بارہ سالہ امیشا کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا۔ لڑکی کی والدہ عمرہ، بہن شازیہ ، بھائی دلشاد خاصخلیلی نے الزام عائد کیا کہ پولیس لڑکی کو منگنی کی تقریب سے زبردستی اٹھاکر تھانے لے گئی۔ امیشا کو عدالت میں پیش کرنے کے بجائے ویمن پولیس نے زمیندار کے حوالے کردیا۔
زمیندار سیف اللہ پلی نے لڑکی کی شادی ہونے اور پولیس کو کہہ کر معاملہ رفع دفع کرانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ایس ایچ او ویمین پولیس اسٹیشن خوش بخت اعوان سے موقف لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کہا کہ حکام بالا نے موقف دینے سے روک رکھا ہے۔