کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے فیڈرل انڈسٹریل ایریا شفیق موڑ اپولو گراؤنڈ کے قریب فیکٹری میں پڑی لکڑیوں میں آگ لگ گئی جو فائر بریگیڈ کی گاڑی نے بجھا دی۔ دوسری جانب جوڑیا بازار میں چاول کے گودام میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ شہر میں پولیس کی سٹریٹ کرمنلز کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان گرفتار اور مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
کراچی کے علاقے فیڈرل انڈسٹریل ایریا شفیق موڑ اپولو گراؤنڈ کے قریب فیکٹری کے اندر کمپائونڈ ایریا میں موجود شٹرنگ کی لکڑیوں میں آگ لگی۔ آگ پر قابو پانے کے لئے فائربرگیڈ کی 2 گاڑیاں پہنچیں اور آگ پرکچھ ہی دیرمیں قابو پا لیا۔ فائرحکام کے مطابق آگ چھوٹی ہونے کے باعث فائربرگیڈ کی ایک ہی گاڑی نے بجھا دی تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
دوسری جانب جوڑیا بازار میں چاول کے گودام میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ کھارادر تھانہ میں درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے سے دکان میں موجود سامان کو نقصان پہنچا۔ دکاندار کا الزام ہے کہ اس کی دکان میں آگ بھتہ خوروں نے لگائی۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ایک مہینہ قبل دکاندار کو لیاقت آباد میں بھتے کی پرچی ملی تھی جس کا مقدمہ لیاقت آباد تھانہ میں درج ہے۔
سرجانی اور لیاقت آباد میں ایس آئی یو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 سٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان زور احمد، علی محمد، طارق حسین، محمد عاصم اور محمد کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
سوک سینٹر کے قریب عزیز بھٹی تھانے کی پولیس اور ڈاکوئوں میں مبینہ مقابلے کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا موقع پر سے گرفتارکرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکوئوں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فرار ہونے کے لئے فائرنگ کی، جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک اور دوسرے کو اسلحے اور مسروقہ موٹرسائکل سمیت گرفتار کر لیا گیا، جن کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔