کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ بم دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ ادھر کرائم سین کو شواہد جمع کرنے کے بعد عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او سٹی تھانہ کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں سیون اے ٹی اے ایکسکلیسوو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی کی ٹیم نے جائے وقوع سے کرائم سین سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں جس کے بعد پولیس نے میکانگی روڈ کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میکانگی روڈ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے تھے۔ اب سول ہسپتال میں 3 زخمی زیر علاج ہیں جبکہ دیگر کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔