ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث تیزاب کی کھلے عام اور بغیر لائسنس کے فروخت کا سلسلہ تا حال بند نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے تیزاب گردی کے واقعات میں بھی کافی حدتک اضافہ ہو گیا۔
ملتان میں رواں سال اب تک گیارہ مختلف واقعات میں 13 خواتین تیزاب گردی کا شکار ہو چکی ہیں لیکن اس کے باوجود چوک بی سی جی، چوک شہیداں اور ڈیرہ اڈا میں خریدار کا شناختی کارڈ درج کیے بغیر ہی تیزاب کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے تیزاب گردی کے واقعات بڑھنے پر شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے مطالبہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تیزاب کی فروخت کا لائسنس صرف تیرہ دکانداروں کو دیا ہے لیکن اسکے برعکس تین شاہراہوں پر دکانداروں کی تعداد ستاون ہو چکی ہے جس کا متعلقہ حکام نوٹس لینے کو تیار نہیں اسی لیے تیزاب گردی کے واقعات بڑھنے پر سماجی تنظیم کی رہنما مختیاراں مائی کو بھی تحفظات ہیں۔
انسداد تشدد برائے خواتین مرکز نے تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ ہوتے ہی نئے کیسز لینا بھی بند کر دئیے ہیں جس سے موجودہ صورتحال میں متاثرہ خواتین متعلقہ تھانوں کے چکر لگانے پر مجبور ہو گئی ہیں۔