خانیوال: (دنیا نیوز) دوران ڈکیتی عورت سے اجتماعی زیادتی کرکے فرار ہونے والے ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے دوران ڈکیتی موضع باگڑ سرگانہ میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کا مقدمہ تھانہ سرائے سدھو میں درج ہوا تھا۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور انفارمیشن کے ذریعے ڈاکو ارشد عرف ارشی گینگ کے چار کارندوں کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضہ سے نقدی، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ڈکیت گینگ نے 4 وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے، تاہم ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ڈی پی او کی طرف سے ایس ایچ او تھانہ سرائے سدھو منور گجر اور ٹیم کو نقد انعام اور سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔