ایس ایچ او کی موجودگی میں خاوند کا لیڈی ڈاکٹر اہلیہ پر تشدد، مقدمہ درج

Published On 29 June,2022 10:07 pm

بہاولنگر:(دنیا نیوز) تحصیل ہارون آباد کے تھانہ سٹی میں ایس ایچ او کی موجودگی میں خاوند نے لیڈی ڈاکٹر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

ہارون آباد کے تھانہ سٹی میں لیڈی ڈاکٹر مریم حسین پر تشدد کی ویڈیو وائرل کا معاملہ، پولیس نے لیڈی ڈاکٹر کی درخواست پر ملزم عدیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ڈاکٹر مریم حسین اور ڈاکٹر نعمان ارشد کا فیملی کورٹ میں کیس چل رہا تھا جس پر ڈاکٹر مریم حسین کو تھانے پابند کیا تھا اور فریقین میں تکرار کے باعث لیڈی ڈاکٹر مریم بی بی اور عدیل افضل کی ایس ایچ او کے کمرے میں ایک دوسرے سے تلخ کلامی ہوگئی اور پھر گالم گلوچ کے بعد ایک دوسرے پر تشدد شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم عدیل افضل ضمانت قبل از گرفتاری پر ہے اور ڈاکٹر مریم حسین نے بھی ضمانت کرا رکھی ہے، ڈاکٹر مریم حسین اور ڈاکٹر نعمان ارشد میاں بیوی ہیں جن میں تنازع چل رہا ہے، ڈاکٹر مریم کے خلاف بھی تھانہ سٹی عدیل افضل کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

ڈاکٹر مریم حسین نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے کمرے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے مجھ پر بے تحاشہ تشدد کیا گیا ہے میرے ساتھ ظلم کیا گیا، اعلیٰ حکام اسکا نوٹس لیں۔