پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے والا ڈاکو ٹرالی کی ٹکر سے ہلاک

Published On 04 February,2023 11:48 pm

مانگا منڈی: (دنیا نیوز) پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے والے 3 ڈاکو رات کی تاریکی میں ٹرالی سے جا ٹکرائے جس سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کے علاقے تالاب سرائے میں 3 ڈاکو ناکہ لگا کر لوگوں کو لوٹ رہے تھے، 15 پر کال موصول ہونے پر مانگا منڈی پولیس نے فوری رسپانس کیا تو پولیس پارٹی کو دیکھ کر تینوں ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے تعاقب کرنے پر تینوں موٹر سائیکل سوار ڈاکو ٹرالی سے ٹکرائے جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ڈاکو موٹر سائیکل چھوڑ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ لاش کو قبضہ میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Advertisement