بہاولنگر: پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، 2 فرار ہوگئے

Published On 23 March,2023 12:16 pm

بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔

بہاولنگر میں بابا فرید پل کے قریب پولیس ناکہ لگا کر کھڑی تھی کہ اس دوران 3 موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، مسلح ملزمان نے رک کر پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس سے پولیس وین کے ٹائر پھٹ گئے۔

پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، اسی اثناء میں ڈاکوؤں کی اپنی ہی فائرنگ سے ایک ساتھی ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت ماجد علی کے نام سے ہوئی، اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، ڈاکو 30 سنگین جرم کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔