لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے سالانہ کارکردگی رپورٹ 2022 جاری کر دی۔
سال 2022 کے دوران ایف آئی اے کو ملک بھر سے 1لاکھ 39 ہزار شکایات موصول ہوئیں، شکایات کے نتیجے میں24 ہزار 918 انکوائریاں اور 6 ہزار 580 مقدمات درج کیے گئے۔
ایف ائی اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں 14 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا، 4ہزار 881 مقدمات کی تحقیقات کو مکمل کر کے چالان ٹرائل کورٹس میں جمع کرائے گئے، تین ہزار تین مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں۔
ایف آئی اے نے 7.049 ارب روپے کی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی، اینٹی کرپشن ونگ نے سال 2022 کے دوران ملک بھر سے متروکہ وقف املاک بورڈ کی3 ہزار 574 ایکڑ پراپرٹی واگزار کروائی جس کی مالیت 25 ارب روپے ہے جبکہ بورڈ کا 70 کروڑ روپے کا کرایہ بھی وصول کر کے حوالے کیا گیا۔
اکنامک کرائم ونگ نے سال 2022 میں حوالہ ہنڈی اور کرنسی سمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کئے، امیگریشن ونگ نے سال 2022 کے دوران11 ہزار 741 ملزمان کو گرفتار کیا، انسانی سمگلنگ میں ملوث2 ہزار 602 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں، 300 سٹاپ لسٹ کیسز کا کامیابی سے سراغ لگایا گیا۔
سائبر کرائم ونگ نے سال 2022 کے دوران 1700 ملزمان کو گرفتار کیا، ونگ نے مالی فراڈ سے متعلق مقدمات میں 798 ملزمان کو گرفتار کیا، چائلڈ پورنوگرافی کے 56 مقدمات میں 67 ملزمان گرفتار ہوئے، توہین مذہب کے 65 مقدمات میں 81 جبکہ نفرت انگیزی تقریر کے 56 درج کئے گئے۔
ایف ائی اے نے جعلی سموں میں ملوث 76 ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان سے 16 ہزار 211 جعلی ایکٹیویٹڈ سمز اور14 ہزار 615 سیلیکون انگوٹھے، 50 بائیو میٹرک تصدیقی نظام (BVS) ڈیوائسز بھی برآمد کی گئیں۔
ایف آئی اے اکیڈمی کی جانب سے گزشتہ سال کے دوران 158 تربیتی کورسز کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔