اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کارروائیاں ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

Published On 01 June,2023 11:47 am

کراچی : (ویب ڈیسک ) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے ملک گیر کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد جبکہ ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں ، پشاور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 1 کلو 800 گرام افیون اور 19 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی ، برآمدہ منشیات کار میں بنے خُفیہ خانے سے برآمد ہوئی ، کارروائی کے دوران بونیر کے رہائشی 2 ملزمان گرفتارکر لئے گئے ۔

ایک اورکارروائی کے دوران علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر ملزم کے پیٹ سے 4 چرس بھرے کیپسول برآمد کر لی گئی ۔

اے این ایف حکام کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کراچی میں ملزم سے 1 کلو 240 گرام آئس برآمد کر لی گئی ، بنوں کا رہائشی ملزم پرواز نمبر PA-412 سے شارجہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔

کراچی میں واقع گڈاپ ٹاون کے قریب ٹرک سے 172 کلو 800 گرام چرس برآمدکر لی گئی ، برآمد شدہ چرس کو ٹرک کے فیول ٹینک میں بنائے گئے خُفیہ خانے میں چھپایا گیا تھا، کارروائی کے دوران افغان باشندے سمیت مستونگ کا رہائشی بھی گرفتارکرلیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں پنجگور کے غیر آباد علاقے میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 40 کلو چرس برآمد کر لی گئی، منشیات بیرون ملک سمگلنگ کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔

ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔