ڈالر، غیر ملکی کرنسی کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن ، اٹک سے 2ملزمان گرفتار

Published On 15 September,2023 12:04 pm

اٹک : (دنیانیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کا ڈالر و غیر ملکی کرنسی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، اٹک میں غیرقانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ مار کر دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ملزمان ولید رضا اور عمیر اعجاز کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ، برانچ سے 30 لاکھ روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی کرنسی میں امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ، ملائشین رنگٹ، اماراتی درہم، قطری اور سعودی ریال شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق برانچ سے بغیر ریکارڈ کے کیپٹل سے زیادہ کرنسی برآمد ہوئی جسے قبضہ میں لے لیا گیا۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔