تربت میں مسلح افراد کی فائرنگ ،6 مزدورجاں بحق

Published On 14 October,2023 09:07 am

کوئٹہ: (دنیانیوز) تربت کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 مزدور جان کی بازی ہارگئے جبکہ 2زخمی ہوئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق تعمیراتی کمپنی میں کام کرنےوالے مزدور کرائے کے کوارٹر میں سورہے تھے جب دو موٹرسائیکلوں پر سوار افراد آئے اور ان  پرفائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں 6مزدور موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دوزخمی ہیں ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تربت فائرنگ واقعے میں جاں بحق افراد کی شناخت رضوان، شہباز، وسیم، شفیق احمد، محمد نعیم اور سکندر کے نام سے ہوئی جبکہ فائرنگ سے زخمی افراد میں غلام مصطفیٰ اور توحید شامل ہیں۔

پولیس کاکہنا ہے کہ جاں بحق ہونےوالے مزدوروں کاتعلق پنجاب سے ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغازکردیا۔

دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی  نے تربت میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کانوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔

نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ قابل مذمت ہے ، بے گناہ مزدوروں کے قتل پر دلی دکھ ہوا ، واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔