اسلام آباد: (دنیانیوز) اے این ایف کی جانب سے ملک بھر میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،مختلف کارروائیوں میں 107کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرکے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق جی ٹی روڈ سوہاوہ کے قریب گاڑی سے 26 کلو 400 گرام چرس اور 12 کلو افیون برآمد کی گئی ، دوران کارروائی ٹیکسلا کے رہائشی دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ ایک اور کارروائی لاہور کے علاقے کاہنہ کے قریب کی گئی جہاں سے اوکاڑہ کے رہائشی ملزم سے 6 کلوچرس برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق خیبر کے دو مختلف علاقوں میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 18 کلو چرس برآمد کرلی گئی ۔
حیات آباد پشاور میں مقامی رہائشی سے 4 کلو 800 گرام چرس برآمد جبکہ رنگ روڈ پشاور پر چارسدہ کے رہائشی ملزم کی گاڑی سے 6 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔
ایک اور کارروائی میں سُپر ہائی وے جامشورو بس سٹاپ پر کراچی کی رہائشی خاتون اور ملزم سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی، نیشنل ہائی وے حیدرآباد کے قریب میانی جنگلات میں چھپائی گئی 29 کلو چرس برآمد کرلی گئی ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔