ایف آئی اے کی کارروائی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

Published On 09 November,2023 10:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اسٹیٹ بینکنگ سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جمشید ٹاؤن سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ہے، گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے، ملزمان بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔

گرفتار ملزمان میں محمد آصف، حافظ فہیم اور عمران شامل ہیں، ملزمان سے 1 کروڑ ایرانی ریال، 8946 سعودی ریال، 1280 یواے ای درہم برآمد ہوئے، ملزمان سے امانی ریال، کینڈین ڈالر اور 7 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ملزمان کے موبائل فونز سے ہنڈی حوالہ سے متعلق پیغامات، متعدد ہنڈی حوالہ کے رجسٹرز بھی برآمد کر لیے گئے، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔