کراچی: 3 ڈکیت گرفتار، نامعلوم افراد نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کر کے لاش ویرانے میں پھینک دی

Published On 10 November,2023 03:07 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نامعلوم افراد نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کر کے لاش جھاڑیوں میں پھینک دی، سٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزموں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سچل سمیرا چوک سے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کی گولیاں لگی لاش ملی ہے، مقتول شاہزیب کا تعلق حیدر آباد لطیف آبادسے تھا، مقتول گزشتہ روز حیدر آباد سے سواری لے کر کراچی گیا تھا۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ شام 6 بجے تک شاہزیب رابطے میں تھا پھر فون بند ہو گیا، شاہزیب کے پاس سے اس کا موبائل اور پرس بھی نہیں ملا، مقتول کی دو سال قبل ہی شادی ہوئی تھی، پولیس نے لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، قتل کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

ادھر عوامی کالونی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گروہ کو حراست میں لے لیا، ملزمان سے پستول اور موبائل فونز برآمد کر لیا، پولیس نے تینوں کو تھانے منتقل کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔