کراچی: گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں پر فائرنگ، 2 زخمی حالت میں گرفتار، 2 فرار

Published On 10 November,2023 06:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں پر مالک نے فائرنگ کر دی، 2 ملزم زخمی اور 2 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کراچی کے علاقے بلدیہ سعید آباد میں 4 ملزمان نے واردات کی نیت سے گھر میں گھسنے کی کوشش کی تو گھر کے مالک نے ان پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے 2 ملزمان زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد 2 ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، زخمی حالت میں گرفتار پولیس اہلکار کی شناخت گل شیر کے نام سے ہوئی ہے، گل شیر پولیس یونیفارم میں جبکہ باقی 3 ملزمان سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔