کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کا ایل پی جی کی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کے زیر نگرانی ٹیم نے لیاری میں چھاپہ مارا، ایل پی جی سمگلنگ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث منظم گینگ کا سرغنہ گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضہ سے لاکھوں مالیت کی کرنسی برآمد کر لی گئی۔
ملزم احمد ورند کو لیاری کے علاقے موسیٰ لین سے گرفتار کیا گیا، ملزم حوالہ ہنڈی اور ایران سے ایل پی جی کی سمگلنگ میں ملوث تھا، گرفتار ملزم بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی ایکسچینج میں بھی ملوث تھا۔
چھاپے کے دوران ملزم سے 59 لاکھ 40 ہزار روپے، 4 عدد موبائل فون بھی برآمد کر لئے گئے، ملزم سے ہنڈی حوالہ اور ایل پی جی سمگلنگ سے متعلق اہم ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ملزم ایل پی جی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے ساتھ رابطے میں تھا، ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے 7 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔