شکار پور پولیس کی بروقت کارروائی، 21 افراد کو اغوا ہونے سے بچا لیا

Published On 14 January,2024 12:14 am

شکار پور: (دنیا نیوز) پولیس نے بروقت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نوکری کے جھانسے میں وین پر سوار21 افراد کو اغواء ہونے سے بچا لیا۔

شکارپور پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک مشکوک وین متعدد افراد کو لے کر کچے کے علاقے کی طرف جا رہی ہے، علاقہ مکینوں کی مدد اور اغوا کار ملزمان سے مقابلے کے بعد وین کو قبضہ میں لے کر تمام افراد کو بحفاظت اتار لیا گیا۔

پولیس کے مطابق سادہ لوح افراد کو سعودی عرب میں نوکری کیلئے انٹرویو کا جھانسہ دیا گیا تھا، 3 ملزمان وین کو کچے کی جانب لے جا رہے تھے، ملوث 2 ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میوہسپتال کی پارکنگ سے ملزم اڑھائی کروڑ کا سونا لوٹ کر فرار

اغوا سے بچ جانے والے افراد کو بحفاظت واپس ان کے ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، شاندار کارکردگی پر ایس ایس پی شکارپور ڈاکٹر محمد عمران خان کی جانب سے پولیس پارٹی کے لیے شاباش، نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اغوا ہونے سے بچ جانے والے مغویوں کے ورثاء نے بروقت کارروائی پر شکارپور پولیس کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر پولیس نے شہریوں کو انتباہ کیا کہ تمام شہری محتاط رہیں اور اغوا کاروں کی کارروائیوں سے ہوشیار رہیں۔