کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ ، گینگ وار گروہ کے دو انتہائی مطلوب کارندے گرفتار

Published On 14 May,2024 03:24 pm

کراچی: (دنیانیوز) رات گئے پرانا گولیمار میں پولیس مقابلے کے بعد گینگ وار گروہ کے دو انتہائی مطلوب کارندے گرفتار کرلیے گئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق ملزمان کا تعلق گینگ وار گروہ کاشف ڈاڈا گروپ سے ہے، ملزمان میں محمد اکرم عرف استاد اور بلال عرف ارشد شامل ہیں۔

ایس ایس پی کیماڑی کابتانا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے دو عدد غیرقانونی پستول برآمد ہوئے، ملزمان کو ایس ایچ او تھانہ پاک کالونی سب انسپکٹر راجہ خالد محمود نے سٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا، ملزمان پرانا گولیمار میں دہشت کی علامت اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔

ایس ایس پی کیماڑی کاکہناتھا کہ ملزمان کئی پولیس مقابلوں، قتل، دہشتگردی، منشیات فروشی سمیت سنگین مقدمات میں ملوث ہیں، گرفتار ملزم اکرم استاد بدنام زمانہ گینگ وار کاشف ڈاڈا کا فرنٹ مین ہے، ملزم پرانا گولیمار میں کاشف ڈاڈا کے منشیات کے اڈے کی بھی سرپرستی کرتا ہےجبکہ ملزم بلال کاشف ڈاڈا گروہ کے لئے ٹارگٹ کلنگ اور مخالفین پر حملوں سمیت دیگر کرندوں کو اسلحہ بھی فراہم کرتا ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم اکرم استاد کے خلاف سنگین جرائم کے 8 مقدمات درج ہیں جبکہ ملزم بلال کے خلاف تین مقدمات درج ہیں، محمد اکرم عرف استاد کا سابقہ کریمنل ریکارڈ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔