پشاور: (ذیشان کاکاخیل) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے آبائی ضلع خیبر میں منشیات سمگلنگ کے خلاف سیکیورٹی اداروں نے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا ہے جس میں صرف 15 روز کے دوران 560 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی رپورٹ میں آئس، افیون، حشیش اور دیگر ممنوعہ منشیات کی بھاری مقدار مختلف کارروائیوں میں ضبط کی گئی، سب سے زیادہ کارکردگی اے این ایف کی رہی جس نے گزشتہ دو ہفتوں میں 435 کلوگرام منشیات برآمد کیں جن میں 8 کلوگرام آئس، 17 کلوگرام افیون اور 408 کلوگرام حشیش شامل ہیں۔
پولیس نے ضلع خیبر میں جاری کارروائیوں کے دوران 138 کلوگرام منشیات تحویل میں لیں، پولیس کی برآمد شدہ منشیات میں 98 کلوگرام حشیش اور 40 کلوگرام افیون شامل ہیں۔
ایکسائز حکام کی جانب سے بھی 15 روز کے اندر اندر 6 کلوگرام منشیات برآمد کرنے کی اطلاع دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 15 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ضلع خیبر میں منشیات سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ ضلع کو منشیات سے پاک کیا جا سکے۔



