ماڈل و اداکارہ ایمان علی اگلے ماہ پیا گھر سدھاریں گی

Last Updated On 18 January,2019 10:13 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستانی سپر ماڈل اور اداکارہ ایمان علی نے شادی کا فیصلہ کر لیا ہے اور اگلے ماہ وہ پیا گھر سدھاریں گی. شادی کا اعلان اچانک کیا گیا ہے جس سے دنیا بھر میں ان کے مداح حیران رہ گئے۔

فیشن ڈیزائنر اور اینکر حسن شہریار یاسین نے سوشل میڈیا پیج پر ایمان علی کی شادی کا اعلان ایک ویڈیو میں کیا، یہ ویڈیو ایمان علی کی ڈھولکی کے موقع کی تھی جس میں سپرماڈل کے قریبی دوست ڈانس کی مشق کر رہے تھے۔

ایمان علی نے بھی سوشل میڈیا پیج پر اپنے ہونے والے شوہر کی تصویر پوسٹ کی۔ ان کے شوہر کے بارے میں زیادہ معلومات تو سامنے نہیں آسکیں مگر مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایمان علی بابر بھٹی سے شادی کر رہی ہیں۔

 بابر بھٹی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ نشان حیدر پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے ہیں اور ان دونوں کی شادی کی تقریب فروری میں سادگی سے ہو گی۔ یاد رہے کہ 38 سالہ ایمان علی معروف اداکار عابد علی کی بیٹی ہیں۔