لاہور: (ویب ڈیسک) ترک کے مشہور ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان نے پاکستان میں چودھری گروپ آف انڈسٹریز کے ایم ڈی میاں کاشف ضمیر سے اپنا معاہدہ منسوخ کر دیا۔
ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان دوزیاتان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں نے پاکستان میں بزنس مین میاں کاشف ضمیر کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ میں اپنے معاہدے کو پورا کرنے کے لیے پاکستان گیا تھا۔ میں نے دورے کے اپنے دوسرے فریق کے ساتھ میٹنگ کی اور ہم دونوں نے معاہدے کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور شرائط پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی پاکستان پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے بارے میں پاکستانی میڈیا میں مستقل اطلاعات کے باوجود ہم اس معاہدے کی شرائط و ضوابط پر پوری طرح عمل درآمد کرتے رہے اور پاکستانی مقامی کمپنی کو پوزیشن واضح کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دینے پر اتفاق کیا۔ تاہم کمپنی کے ایم ڈی کاشف ضمیرکے اس دوران معاہدے کے بارے میں میڈیا کو دئے گئے جھوٹ اور غلط معلومات پر ہمیں سخت دکھ پہنچا۔
ترک اداکار کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو آگاہ کر رہے ہیں کہ کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت دی گئی مدت کے باوجود کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا ہے اور اسی وجہ سے ہم نے یکطرفہ طور پر معاہدے کو منسوخ کردیا ہے۔ ہم آپ کو یہ بھی بتا دیں کہ تحریری معاہدے کی شرط کے مطابق متعلقہ کمپنی جو متفقہ رقم کا نصف پریس کانفرنس اور معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل نصف رقم ادا کرنے کی پابند تھی ایک ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک اس نے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ ہمارا اب کاشف ضمیر اور محمد اسماعیل اور ان کی کمپنی سے کوئی واسطہ نہیں رہا اور نہ ہی مستقبل میں کوئی تعلق قائم رہے گا۔
انگین آلتان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دورہ پاکستان نے ہمیں پاکستان سے محبت کرنے والے لوگوں سے ملنے اور خوبصورت ملک دیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ہم ترک پاکستان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دوستی اور ایک دوسرے کی ثقافتوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’لہور لہور اے‘ بول کر ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل
ان کا کہنا تھا کہ ترک ڈرامہ سیریز میں پاکستانی عوام کی گہری دلچسپی نے مجھے بے حد متاثر کیا ، اور میں جلد ہی ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کرنا اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتا ہوں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ، انشاء اللہ ، میں جلد ہی ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کروں گا تاکہ پاکستانی عوام کو گلے لگا سکوں۔