ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی اداکارہ کرسٹینا لیزینا کی رہائشی عمارت سے گر کر ہلاک ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا میں کرسٹینا لیزینا کی جو ویڈیو جاری ہوئی ہے اس میں نظر آ رہا ہے کہ وہ ایک رہائشی عمارت میں داخل ہو رہی ہیں، انہوں نے گلابی رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے۔ اس کے بعد وہ عمارت کی لفٹ میں سوار ہوتی ہیں اور اس کے چند منٹوں بعد ہی وہ اسی عمارت کی بائیسویں منزل سے نیچے گر جاتی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچی لیکن اس وقت تک کرسٹینا لیزینا مر چکی تھیں۔ پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ یہ خود کشی کا کیس لگتا ہے لیکن تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کرسٹینا لیزینا کے قریبی دوستوں نے میڈیا کو بتایا کہ آنجہانی اداکارہ ذہنی عارضے ڈپریشن کا شکار تھیں۔ کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کی ذہنی صحت بہت گر چکی تھی اور وہ شدید تنہائی کا شکار تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کرسٹینا کی لاش کی تلاشی لی گئی تو ان کی جیب سے ایک تحریر نکلی جس میں لکھا تھا کہ ”تم ہمیشہ میرے دل میں رہو گے“۔
ادھر آنجہانی کرسٹینا کی آخری سوشل میڈیا پوسٹس سے بھی یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ وہ تنہائی کا شکار تھیں، انہوں نے بظاہر ڈپریشن سے تنگ آ کر یہ انتہائی قدم اٹھایا اور اپنی جان لے لی۔