علی سیٹھی کا نیا میوزک ایلبم ریلیز، شائقین گلوکار کے فیشن کو دیکھ کر دنگ رہ گئے

Published On 04 August,2025 08:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)منفرد گلوکاری کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار و موسیقار علی سیٹھی نے اپنا نیا میوزک ایلبم ’لو لینگویج‘ریلیز کردیا۔

علی سیٹھی کے ایلبم میں مجموعی طور پر 16 گانے شامل ہیں، جن میں سے چند گانوں کی ویڈیوز وہ پہلے ہی ریلیز کر چکے تھے، گلوکار نے یکم اگست کو مختلف میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر پورا ایلبم جاری کردیا جب کہ چند نئے گانے بھی انہوں نے ریلیز کردیے۔

علی سیٹھی کی جانب سے ریلیز کیے گئے گانوں کی ویڈیو میں انہیں ہمیشہ کی طرح منفرد فیشن اسٹائل میں دیکھا گیا جب کہ انہوں نے اپنی ویڈیوز کی شوٹنگ کے دوران کھچوائی گئیں چند تصاویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کیں۔

میوزک ویڈیوز میں علی سیٹھی کو خواتین کی طرح سجتے، سنورتے اور میک اپ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ان کی جانب سے پہنا گیا لباس بھی خواتین کے لباس سے مشابہت رکھتا ہے۔

گلوکار کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں سے ایک میں انہیں خواتین کے اسکرٹ جیسے پیلے اسکرٹ جب کہ خواتین کی شرٹس سے مشابہہ شرٹس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

علی سیٹھی کی جانب سے شیئر کردہ تصاویر پر خصوصی طور پر پاکستانی شائقین نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا اور ان پر مغربی متنازع تہذیب کو پروان چڑھانے کا الزام بھی عائد کیا۔

علی سیٹھی کو ماضی میں بھی لباس، فیشن اور متنازع جنسی رجحانات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، ان پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ ہم جنس پرستی کی جانب رجحان رکھتے ہیں.