لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اور معروف اداکار ایوب کھوسہ نے شوبز انڈسٹری میں آنے کا دلچسپ قصہ سنا دیا۔
اداکار نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ شوبز انڈسٹری میں کیسے آئے؟ جس کے جواب میں سینئر اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی وی میں خوبصورت لڑکیوں کو دیکھنے کیلئے جایا کرتا تھا۔
انہو ں نے کہا کہ وہاں پی ٹی وی کے جی ایم کریم بلوچ صاحب موجود تھے انہوں نے مجھ سے پوچھا یہاں کیسے آنا ہوا، تو میں نے جواب دیا کہ میں ٹی وی گھومنے آیا ہوں، اس پر کریم بلوچ صاحب نے کہا کہ تم صرف گھومنے آئے ہو یا کوئی ڈرامہ وغیرہ بھی کرنا چاہتے ہو، میں نے فوری ڈرامے کی خواہش ظاہر کردی، اور پھر بلوچی ڈراموں سے میرے کیرئیر کا آغاز ہوا۔
ایوب کھوسہ نے کہا کہ گھر والوں کے کوئی خاص تاثرات نہیں تھے، والد صاحب کو فکر تھی کہ میں بھٹک نہ جاؤں اور کہیں تعلیم کا سلسلہ رک نہ جائے، میں نے تعلیم مکمل کی لیکن اپنے والد کی خواہش پوری نہیں کرسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد چاہتے تھے کہ میں بیوروکریٹ بن جاؤں لیکن میں آرٹ میں جانے کے بعد اس فیلڈ سے واپس نہیں آسکا اور آج تک اس فیلڈ میں موجود ہوں۔