سکیورٹی اہلکار سے الجھنے پر بھارتی اداکار الوارجن تنقید کی زد میں آگئے

Published On 10 August,2025 10:52 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکار الو ارجن کو ممبئی ائیرپورٹ پر سکیورٹی اہلکار سے الجھنا مہنگا پڑگیا اور اب وہ تنقید کی زد میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق الو ارجن ممبئی سے باہر جانے کیلئے ائیرپورٹ پہنچے اور انہوں نے ماسک پہن رکھا تھا جس پر سکیورٹی اہلکار نے ہٹانے کا کہا اور وہ الجھ پڑے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار اہلکار سے بحث کر رہے ہیں، پھر ساتھ موجود شخص کی مداخلت پر ایک لمحے کیلئے ماسک چہرے سے ہٹاتے ہیں اور فوری لگا دیتے ہیں۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد الو ارجن تنقید کی زد میں ہیں اور سوشل میڈیا صارفین نے مغرور اور انا پرست قرار دیا، بعض سوشل میڈیا صارفین نے قانون پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں فلم ’ پشپا 2 ‘ کی اسکریننگ کے دوران بھگڈر مچنے کے کیس میں الو ارجن کو گرفتار کیا گیا تھا اور ایک رات انہیں جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی۔