خیبرپختونخوا:ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں کرپشن روکنے کےلیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی حکمت عملی

Published On 05 November,2021 08:50 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں کرپشن اور خرد برد کو روکنے کے لیے نئی حکمت عملی طے کر لی، تھرڈ پارٹی سے ہسپتالوں کا آڈٹ کرایا جائیگا، شہری کہتے ہیں اقدام سے بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہوگا۔

خیبر پختونخوا حکومت نےایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت ہسپتالوں کو خودمختاری تو دیدی تاہم خورد برد سمیت انتظامی اور مالی امور میں آڈٹ سے متعلق مسائل سامنے آگئے۔

صوبے کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کوخود مختاری دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں کرپشن اور بدعنوانی کے واقعات سے حکومت کو چھان بین میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم صوبائی حکومت نے ہسپتالوں میں بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا، وزیر صحت کہتے ہیں ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے آڈٹ کےلیے بہت جلد تھرڈ پارٹی کیساتھ معاملات طے کیے جائیں گے۔

ہسپتالوں میں علاج معالجے سمیت دیگر امور میں بے قاعدگیوں پر شہریوں میں بھی تشویش پائی جارہی ہے، شہری کہتے ہیں حکومت ہسپتالوں پر چیک اینڈٖ بلینس رکھنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کرے۔

ایم ٹی آئی ہسپتالوں کو خودمختاری دینے کے بعد کورونا کی خریداری سمیت دیگر معاملات میں خورد برد کے متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں۔
 

Advertisement