ملتان: جان بچانے والی ادویات کی فراہمی محدود کر کے قیمتیں بڑھانے کا سلسلہ جاری

Published On 17 February,2022 09:27 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں محکمہ ہیلتھ کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث انسانی جان بچانے والی ادویات کی فراہمی کو محدود کر کے ان کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کی وجہ سے مریض اور ان کے لواحقین مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔

ملتان میں ادویات ساز کمپنیوں نے بیشترزندگی بچانے والی ادویات کی سپلائی محدود کر دی ہے جس کو جواز بنا کر میڈیکل سٹور مالکان نے بھی ادویات کی قیمتوں میں بیس فیصد تک کا خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے، اس صورتحال میں مہنگی ادویات خریدنا مریضوں کے اہلخانہ کی مجبوری بن گیا ہے، لواحقین نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیسن مارکیٹ میں بخار،شوگر بلڈ ،پریشر اور اومی کرون کی ادویات کے نرخوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ ہیلتھ کے حکام کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مریضوں کے ساتھ زیادتی ہے تاہم ادویات کی کنٹرول ریٹس پر فراہمی کے لئے ہیلتھ کمیشن کی جانب سے کاروائیاں جاری ہیں۔

مارکیٹ میں سرجیکل آلات بھی نایاب ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے ان کی قیمتوں میں بھی 30 سے 40 فیصد تک کا اضافہ کر دیا ہے، آپریشن کے حوالے سے مشکلات بڑھنے پر لواحقین کی اکثریت انتہائی پریشان ہے مگر کوئی پرسان حال نہیں۔