لاہور: میوہسپتال کی اوپی ڈی ، ایمرجنسی اور چائلڈ بلاک کو ری ڈیزائن کرنے کا فیصلہ

Published On 02 August,2023 10:43 am

لاہور: (دنیانیوز) میو ہسپتال کی او پی ڈی ، ایمرجنسی اور چائلڈ بلاک کو ری ڈیزائن کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہسپتالوں میں صحت کی سہولتوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، محسن نقوی نے ہسپتالوں میں ائر کنڈیشن ترجیحی بنیادوں پر درست کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میو ہسپتال کی او پی ڈی، ایمرجنسی اور چائلڈبلاک کو ری ڈیزائن کیا جائے گا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتال کے بلاکس کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کرلیا، محسن نقوی نے ہسپتالوں میں نرسوں کی تعداد بیڈز کے تناسب سے پوری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی یو میں نرسز کی تعداد ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائے، ہسپتال کی حالت کو بہتر بنانا ہمارا عزم ہے، میوہسپتال کی تعمیر نو کے ساتھ ضروری فرنیچر اور طبی آلات بھی فراہم کئے جائیں گے، ہسپتالوں کی میڈیسن کیلئے مرکزی سٹور ہائر کئے جائیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ایم آر آئی، سی ٹی سکین اور انجیوگرافی سروسز کی آؤٹ سورسنگ کے پلان پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم،سیکرٹریزفنانس، تعمیرات و مواصلات، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، صحت،ہاؤسنگ، پرنسپل کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، پرنسپل سمز اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔