لاہور(ویب ڈیسک )فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے بلند فشار خون (بلڈ پریشر) اور ڈائریا کی دواؤں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے بلڈ پریشر اور بچوں میں ڈائریا کے مرض میں استعمال ہونے والی دواؤں کی قیمتیں یکمشت 500 روپے سے 1400 روپے تک بڑھا دیں۔
بلڈ پریشر کی دوا ٹیلوکس کی قیمت 1596 روپے سے بڑھا کر 2990 روپے کردی گئی، اسی طرح ڈائریاکی دوا انٹیرو جرمینیا کی قیمت 1209روپے سے بڑھاکر 1703روپے مقرر کر دی گئی۔
واضح رہے 10 سال پہلے ملک میں 40 ملٹی نیشنل کمپنیاں ہوا کرتی تھیں لیکن ملکی نازک صورتحال کے پیش نظر اب صرف 10 کے قریب رہ گئی ہیں، اور ان میں سے بھی اکثر کسی نہ کسی طرح اپنا آپریشن کم کر رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ کمپنیاں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کررہی ہیں۔