میاں صاحب آج کل بوکھلائے ہوئے ہیں، اللہ ان پر رحم کرے، خورشید شاہ

Last Updated On 23 March,2018 08:55 pm

 

لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی ملاقات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ نگران سیٹ اپ کے لئے ایسا نام سامنے لایا جائے جو سب کے لئے قابل قبول ہو، تحریک انصاف کے ماننے یا ماننے سے فرق نہیں پڑتا، پھر بھی اخلاقی طور پر شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود سے بات کی ہے، میاں صاحب کو شاید نگران سیٹ اپ کا طریقہ پتہ نہیں، اس کیلئے کسی پارٹی کو دوسرے سے بات کرنے کی ضرورت نہیں، یہ کام قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شروع سے کہتا آیا ہوں کہ اداروں کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے ، نواز شریف بھی اب شہباز شریف کے پیج پر آ گئے ہیں، جوڈیشل مارشل لاء کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے یہ بات کر کے اوور سمارٹ بننے کی کوشش کی، میں نہیں سمجھتا کہ اس میں کوئی صداقت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چودھری نثار اور مسلم لیگ نون میں مقابلہ سخت ہے، چودھری نثار چاہتے ہیں کہ انہیں پارٹی سے نکالا جائے جبکہ پارٹی چاہتی ہے کہ وہ خود چھوڑ جائیں۔